بنگلورو۔31؍مئی(ایس او نیوز /عبدالحلیم منصور) شہر بنگلور سمیت ریاست کے تمام ضلعی مراکز میں مٹی کے تیل کی فراہمی آدھار پر مبنی بائیو راشن کارڈ کے نئے نظام کے تحت کی جائے گی۔وزیر شہری رسد وخوراک دنیش گنڈو راؤ نے یہ بات کہی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بی پی ایل اور اے پی ایل راشن کارڈوں کو آدھار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے 15 جون تک کی مہلت دی گئی ہے۔اس مہلت کے نفاذ کے بعد راشن کی دکانوں کے مابین باہمی تال میل کو بڑھایا جائے گا۔اس سلسلے میں تکنیکی کارروائیاں پوری ہونے تک راشن کی فراہمی کے سلسلے کو معطل رکھا جائے گا۔ دنیش نے بتایاکہ تجرباتی طور پر کوپن نظام کے تحت مٹی کے تیل کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیاجاچکا ہے۔ اس اقدام سے 50 فیصد سے زائد مٹی کے تیل کی کھپت کو کم کیاجاسکتاہے، اور اس کا غلط استعمال بھی رک سکتا ہے۔